Friday, April 19, 2024

مریم نواز ، یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع

مریم نواز ، یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
October 9, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) احتساب عدالت لاہور نے  چودھری شوگر ملز اسکینڈل کیس میں مریم نواز شریف اور یوسف عباس کے  جوڈیشل ریمانڈ میں  14 روز کی توسیع کر دی ۔ مریم نواز اور یوسف عباس کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے  احتساب  عدالت لاہور پیش کیا گیا ،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی ،  دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ  ریفرنس کب تک دائر کیا جائے گا جس پر  نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ  ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہوچکاہے ۔ عدالت نے ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں  14 روز کی توسیع  کرتے ہوئے  23 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ ایم او کالج سے سیکرٹریٹ کے راستے کینٹرز اور راکوٹیں لگا کر بند کئے گئے ۔ مریم نواز اور یوسف عباس نے نیب کی تحویل میں  48 روزہ جسمانی ریمانڈ  کاٹا ، دونوں کی احتساب عدالت میں آج چھٹی پیشی جبکہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد پہلی پیشی تھی ۔