Friday, April 26, 2024

وائٹ ہاؤس کا ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی تحقیقات میں  تعاون سے انکار

وائٹ ہاؤس کا ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی تحقیقات میں  تعاون سے انکار
October 9, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز) وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی تحقیقات میں تعاون سے انکار کردیا ، ٹرمپ انتظامیہ نے  یورپی یونین میں امریکی سفیر گورڈن سونڈ لینڈ کو بھی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے روک دیا۔ وائٹ ہاؤس نے  اسپیکر نینسی پیلوسی اور  تین ڈیموکریٹ کمیٹیوں کے لیڈران کے نام خط میں صدر ٹرمپ کیخلاف تحقیقاتی عمل کو یکسر مسترد کردیا۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات میں بہت سی بے ضابطگیاں موجود ہیں ، ڈیموکریٹس کا اقدام جمہوری اداروں،آزادانہ انتخابی نظام اور امریکی عوام کیلئے بڑا خطرہ ہے ، صدر ٹرمپ اور اُن کی انتظامیہ متعصبانہ اور غیر آئینی تحقیقات کا حصہ نہیں بنے گی۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے یورپی یونین میں امریکی سفیر گورڈن سونڈ لینڈ کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے روک دیا۔ چیئرمین انٹیلی جنس کمیٹی ایڈم شِف کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا امریکی سفیر کو  پیشی سے  روکنا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہے  کے مترادف ہے ۔