Friday, March 29, 2024

پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت، کشیدگی کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں، وزیراعظم

پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت، کشیدگی کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں، وزیراعظم
October 8, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقت ہیں، کشیدگی کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔وزیراعظم سے سینیٹر میگی حسن اور سینیٹر کرس وین وولن نے ملاقات کی ، معاون خصوصی ذلفی بخاری اور سیکرٹری خارجہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے امریکی سینیٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں تبدیل کر دیا، مودی سے بات کرنے کی کوئی اخلاقی صورت نہیں بنتی۔ کشمیر میں لاک ڈائون کو 2 ماہ سے زائد ہو گئے ہیں۔

مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باعث بنیادی ضرورت کی اشیاء بھی ناپید ہیں، ان حالات نے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا ہے، نہتے کشمیریوں کو کھانا اور ادویات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

انہو ں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، عالمی برادری کو کشمیریوں کے حق کے لئے آواز اٹھانی چاہیے تھی، عالمی برادری کو بھارتی اقدامات سے خطے کو لاحق خطرات کا ادراک ہونا چاہیے۔ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر فوری ردعمل دے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات باہم اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں ممالک افغانستان میں امن و استحکام دیکھنا چاہتے ہیں، امریکا اور طالبان کے درمیان بات چیت کا دوبارہ آغاز جلد ازجلد ہو جانا چاہیے۔

امریکی سینیٹرز کرس وان ہولین اور میگی حسن نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے بھی ملاقات کی۔