Friday, April 26, 2024

پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اکتوبر تک توسیع

پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل ، خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اکتوبر تک توسیع
October 1, 2019
 لاہور (92 نیوز) پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ۔ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈمیں پانچ اکتوبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نےگزشتہ سماعت پر خواجہ برادران کو پیش نہ کرنے پر ایس پی ہیڈکوارٹرز پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خواجہ برادران کو پیش کیوں نہیں کیا گیا، کیوں نہ آپ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نےایس پی سے استفسار کیا کہ اگر حکومت نہیں چاہتی کہ یہ کیس آگے چلے تو پھر بھی بتا دو۔ ایس پی صاحب آپ نے ہمارے ساتھ کیا ڈرامہ کیا تھا؟ملزمان کو عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا تھا؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جیلسپرنٹنڈنٹ نے لکھا کہ خواجہ برادران کو سکیورٹی نہیں دی گئی تھی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز نے مؤقف اختیار کیا کہ سر ہماری طرف سے سکیورٹی جیل کے باہر موجود تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایس پی صاحب آپ پھنسیں گے یا سپرنٹنڈنٹ جیل پھنسے گا۔ ایس پی  ہیڈکوارٹرز کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں ہڑتال تھی، لاک ڈاؤن تھا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کام کر رہی تھی تو لاک ڈاؤن کیسا؟۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جذباتی تقریریں مسئلہ کشمیر حل کر سکتی ہیں نا ہندوستان کو پالیسی بدلنے پر مجبور کر سکتی ہیں۔ ملک کی معاشی حالت بہتر بنانے سے ہی کشمیریوں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ کیس کی سماعت کے بعد جیل حکام خواجہ برادران کو لے کر احتساب عدالت سے روانہ ہو گئے۔