Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 55 روز ہو گئے، 80 لاکھ کشمیری گھروں میں محصور

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 55 روز ہو گئے، 80 لاکھ کشمیری گھروں میں محصور
September 28, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 55 روز ہو گئے۔ 80 لاکھ کشمیری گھروں میں محصور ہیں۔ وادی کا چپہ چپہ بھارتی بندوقوں کی زد میں ہے۔ وادی میں بھارتی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ نڈر کشمیریوں کی جانب سے کرفیو  توڑ کر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد ہزاروں افراد سری نگر، بارامولا، اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں، صورا اور دوسرے اضلاع میں باہر نکل آئے۔ کشمیری مظاہرین نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جس پر بھارتی سیکورٹی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس اور پیلٹ گن کی بارش کر دی جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی شاندار تقریر نے بھارت کے ہوش اڑا دیے۔ پردہ چاک ہونے پر بوکھلائے بھارت نے  مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں۔ پولیس وین سے لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی کے اعلانات کیے جانے لگے۔ وزیراعظم عمران خان کی  تقریر کے بعد رات گئے مقبوضہ کشمیر کے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ کشمیریوں نے وزیراعظم کے حق میں نعرے بلند کر دیے۔ بھارت سے آزادی کا مطالبہ بھی دہرا دیا۔ کشمیریوں کے احتجاج سے خوف زدہ بھارتی حکومت نے مزید فوجی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ آہنی تار لگا کر راستے بھی بند کیے جا رہے ہیں۔ فاشسٹ مودی حکومت نے مقبوضہ وادی میں طاقت کا استعمال بڑھا دیا۔ قابض فورسز نے ضلع گنڈیر بل میں فائرنگ کرکے تین نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سیل کے مطابق تینوں نوجوانوں کو نام نہاد آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف مظاہروں کی ایک اور ویڈیو بی بی سی منظر عام پر لے آیا۔ ضلع صورا میں سیکڑوں مرد اور عورتیں گھروں سے باہر نکل آئے اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید مظاہرہ کیا۔ فضاء ہم کیا چاہتے آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی۔