Friday, April 26, 2024

سندھ بھر میں سڑک، راستوں پر کچرا پھینکنے پر پابندی عائد

سندھ بھر میں سڑک، راستوں پر کچرا پھینکنے پر پابندی عائد
September 26, 2019
کراچی ( 92 نیوز )  سندھ حکومت نے شہر کو صاف رکھنے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا۔ صوبائی حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں سڑک کنارے اور راستوں پر کچرا پھینکنے پر پابندی لگادی۔ حکومت سندھ  کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن  کے تحت سمندر کنارےاور گھروں کے سامنے کچرا پھینکنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، یہ پابندی 90 روز کے لیے عائد کی گئی ہے۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،   صوبائی  محکمہ داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، حکومت کے مطابق  پابندی عائد کرنے کا مقصد شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ دوسری جانب کراچی کی کچرا سیاست میں ایک اور موڑ آ گیا ،  صفائی مہم میں عارضی جی ٹی ایس پربھی سوالیہ نشان اٹھنے لگے۔ لیٹس کلین کراچی مہم میں صاف ہونے والے میدان کو عارضی گاربیج ٹرانسفر سنٹر میں تبدیل کردیاگیا ، ڈمپرز کے ذریعے ہجرت کالونی کےمیدان میں کچرا ڈمپ کیاجانے لگا ، لیٹس کلین کراچی مہم کےدوران ہجرت کالونی کے میدان کومکمل طورپر صاف کیاگیاتھا۔ ہجرت کالونی کے علاقہ مکین بھی میدان کوعارضی جی ٹی ایس بنانےپرنالاں ہیں ،  ادھر گلستان جوہرمیں بھی کچرا ٹھانے کے بجائے کچرا پھیلانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔ فوٹیج میں ایک شخص کوسڑک کنارے کچرا پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔