Friday, April 19, 2024

کراچی کے مختلف حصوں میں کالی گھٹائیں ، ہلکی بارش

کراچی کے مختلف حصوں میں کالی گھٹائیں ، ہلکی بارش
September 24, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی  شہر کے مختلف حصوں میں  ہلکی بارش اور  کالی گھٹائیں چھاگئیں  جس سے گرمی کی شدت کم ہو گئی جب کہ شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ شہر قائد میں ستمبر ستمگر  ثابت ہوا ، تقریباً سارا مہینہ  گرم رہا اور شہری  ستمبر میں بھی  اگست کی گرمی برداشت کرتے رہے ،  آج کا سارا دن گرم رہا ، درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا اور شہریوں کے پسینے چھوٹ گئے ۔ شام کے  وقت ایک دم کالی گھٹائیں اٹھیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں چھا گئیں ، ہلکی بارش بھی ہوئی جس نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ دوسری جانب بحیرہ عرب میں کراچی کے جنوب مغرب میں 510 کلو میٹر دور بننے والا ڈیپ ڈپریشن سمندری طوفان میں تبدیل ہوکر اومان کی جانب بڑھنے لگا ہے جس سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں۔ تاہم ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ماہ ستمبرختم ہونےکے بعد ہی شہرکے موسم میں کچھ بہتری آنے کی امید ہے۔ موسم کا حال بتانےوالےکہتے ہیں پچیس اور چھبیس  ستمبرکو ہلکی بارش کا امکان ہے ، اس کے ساتھ ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ہیٹ ویو کا بھی خدشہ ہے۔