Friday, April 19, 2024

سورج نے کراچی پر نظریں جما لیں ، معتدل ہیٹ ویو کا خدشہ

سورج نے کراچی پر نظریں جما لیں ، معتدل ہیٹ ویو کا خدشہ
September 22, 2019
 کراچی (92 نیوز) سورج نے کراچی پر نظریں جما لیں جس سے معتدل ہیٹ ویو کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ سمندری ہوائیں بھی بند ہیں۔ حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگرعلاقوں میں بھی پارہ ہائی ہے۔ سمندر کنارے کراچی، لیکن سمندری ہوائیں روٹھ گئیں ۔ شہر قائد میں گرمی کے وار کا تیسرا دن ہے اور سورج آج بھی سوا نیزے پر ہے۔ سورج نے آگ برسائی تو شہریوں کا بُرا حال ہو گیا ۔ گرم ہواؤں کے راج نے کراچی والوں کو گھروں سے نکلنے نہ دیا اور چھٹی کا دن ہونے کے باوجود سمندر کنارے سناٹا چھایا رہا ۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے شہریوں کو بدھ تک سورج کے رحم و کرم پر رہنا پڑے گا جس کے وجہ سے تپش کراچی والوں کا سخت امتحان لے گی اور درجہ حرارت40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا ۔ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن کی شکل اختیار کر چکا ہے اور 18 سے 24 گھنٹے کے دوران طوفان بن جائے گا جس کا رخ اومان کی جانب ہو گا جبکہ طوفان سے پاکستان کے ساحل کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا تاہم محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کر دی ۔