Tuesday, April 23, 2024

خورشید شاہ کو پولی کلینک اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا

خورشید شاہ کو پولی کلینک اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا
September 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کے ہاتھوں گرفتار خورشید شاہ کو پولی کلینک اسپتال  سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ پی پی رہنما کو طبیعت بہتر ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے خصوصی میڈیکل بورڈ نے خورشید شاہ کا طبعی معائنہ کیا۔ پی پی رہنما کی طبیعت میں بہتری کے باعث انہیں اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔ میڈیکل بورڈ نے خورشید شاہ کو کچھ دوائیں تجویز کر دیں۔ ادھر نیب نے خورشید  شاہ کو اسلام آباد سے سکھر منتقل کرنے کی تیاری مکمل کر لی۔ قومی ایئرلائن کا ٹکٹ بھی بک کرا لیا۔ پی آئی اے کی پروز پی کے 631 شام سات بجے پی پی رہنما کو لے کر اسلام آباد سے سکھر روانہ ہو گی جو رات 9 بجے سکھر ایئرپورٹ پہنچے گی۔ نیب ٹیم کل خورشید شاہ  کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔ دوسری جانب نیب کا گھیرا تنگ ہوتا دیکھ کر  خورشید شاہ کے دو بیٹوں اور مبینہ فرنٹ مین نے عدالت سے حفاظتی ضمانتیں منظور کرا لیں۔ زریق شاہ، فرخ شاہ اور سید قاسم علی شاہ کی 5، 5 لاکھ کے عوض ضمانتیں منظور کی گئیں۔ سندھ  ہائی کورٹ نے نیب کو ملزموں کو 16 اکتوبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے ملزموں کو سولہ اکتوبر تک متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ عدالت نے ڈی جی نیب اور نیب پراسیکیوٹر  کو نوٹس جاری کر دیا۔