Friday, April 26, 2024

چودھری شوگر ملز کیس ، مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں سات روز کی توسیع

چودھری شوگر ملز کیس ، مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں سات روز کی توسیع
September 18, 2019
 لاہور (92 نیوز) چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں سات روز کی توسیع کر دی گئی۔ عدالت نے ملزموں کو پچیس ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران احتساب عدالت کے فاضل جج ن لیگی کارکنوں کی نعرے بازی پر برہم ہو گئے اور چیمبر میں واپس چلے گئے۔ میڈیا سے غیررسمی بات چیت میں مریم نواز نے کہا کہ مجھے سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا، جلسے کر رہی تھی اس لیے قید کیا جانا ضروری تھا۔ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو اکتوبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ فواد حسن فواد، احد چیمہ اور شریک ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے اپنے جھوٹ اور یوٹرن سے اپنا سیاسی تابوت تیار کر لیا۔ سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ احتساب عدالت کے راستوں کو کنٹینر اور خاردار تار لگا کر بند کر دیا گیا تھا ۔ عدالت کے باہر لیگی کارکن پولیس اہلکاروں کے ساتھ دھکم پیل اور بدتمیزی کرتےرہے۔