Friday, March 29, 2024

کشمیر قوم کی بقا ءکا مسئلہ،سیاست سے کوئی تعلق نہیں،فردوس عاشق

کشمیر قوم کی بقا ءکا مسئلہ،سیاست سے کوئی تعلق نہیں،فردوس عاشق
September 16, 2019
اسلا م آباد(92 نیوز) معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کشمیر قوم کی بقا ءکا مسئلہ اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے خطاب میں کہا قوم دیکھ رہی ہے سیاست کے چیمپئن کشمیر کے لئے کیا کر رہے ہیں ،ظلم کو مٹانے کےلئے تمام مکتبہ فکر کو متحد ہونا ہوگا،جوش میں جنگیں شروع تو کرلی جاتی ہیں لیکن ختم کرنے کیلئے ہوش کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان میں ہوش بھی اور جوش بھی ہیں، عمران خان نے مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے، ہمیں اس وقت جوش سے نہیں ہوش سے کام لینے کی ضرورت ہے۔ جب یہ حکومت آئی تو سعودی عرب اور یواے سی سے رابطے منقطع تھے ،وزیراعظم نے ملک کو بینک دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ معاون خصوصی نے او آئی سی کے اعلامیہ میں بھارت سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا گیاہے ،پاکستان کی سفارتکاری کے نتیجے میں یواین سکیورٹی کونسل نے وزارت خارجہ کی درخواست پر اجلاس بلایا۔ آج سپریم کورٹ انڈیا نے بھارتی بیانیہ کوملیا میٹ کردیا ہے،بھارتی سپریم کورٹ کہہ رہی ہے کہ کشمیرمیں حالات نارمل نہیں ہیں ، مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں ایسا خطاب ہو گا جو پہلے کسی اور نہیں کیا ہوگا وزیراعظم کشمیریوں کے وکیل بن کر وہاں جائیں گے کانفرنس کا اعلامیہ کشمیریوں کا آئینہ دار بنے گا۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان ،جس طرح علما ءو مشائخ اور حریت رہنما ء مسئلہ کشمیر پر یکجا ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کشمیر کے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیر کاز کیلئے لڑنے والے آسیہ اندرابی سمیت تمام جدوجہد کرنے والی بہنوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت کاسب سے زیادہ شکار میراسیالکوٹ کاحلقہ ہے، کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے ،کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود ادھورا ہے۔