Wednesday, May 8, 2024

حوثی باغیوں کے سعودی آئل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر ڈرون حملے

حوثی باغیوں کے سعودی آئل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر ڈرون حملے
September 14, 2019
ریاض ( 92 نیوز) یمن کے حوثی باغیوں  نے سعودی سرزمین پر پھر  حملہ کر دیا ،  سرکاری آئل کمپنی آرامکو کی دو بڑی تنصیات پر ڈرونز حملے کیے گئے ، سعودی حکام کے مطابق کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،  پاکستان کی جانب سے حملوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ دفترخارجہ کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی سالمیت کیلئے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی سرزمین کو ایک بار پھر حوثی باغیوں کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا  جس میں  تیل کی سرکاری کمپنی آرامکو کو نشانہ بنادیا گیا۔ ضلع بقیق میں آرمکو کے سب سے بڑے پروسیسنگ پلانٹ اور خریض میں تیل کی تنصیبات پر ڈرونز سے حملے کیے گئے ، جس کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔ سعودی حکام کے مطابق دونوں مقامات پر آگ پر قابو پالیا گیا ہے، حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ یمن کے حوثی باغیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جن کے مطابق اس مقصد کیلئے دس ڈرونز استعمال کیے گئے تھے ، یہ باغیوں کی اب تک کی گئی سب سے بڑی کارروائی تھی۔ پاکستان نے سعودی سرزمین پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے خوف اور دہشت پھیلا کر کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی مذموم کوشش ہے۔