Friday, April 19, 2024

آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
September 13, 2019
اسلام اباد (92 نیوز) آصف زرداری کو جیل میں اے سی کی سہولت نہ دینے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو جیل میں ایئرکنڈیشن کی سہولت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔ آصف علی زرداری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود آصف علی زرداری کو اے سی کی سہولت نہیں دی گئی۔ آصف علی زرداری دل کے مریض ہیں۔ انہیں 7 سٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔ جج نے اڈیالہ جیل کے نمائندے سے استفسار کیا کہ بیٹر کلاس کے ملزم  کو اے سی کی سہولت دی جاتی ہے تو کیوں نہیں دے رہے۔؟ہر کیس ایک نوعیت کا نہیں ہوتا۔ قانون جب اجازت دیتا ہے تو اے سی کیوں نہیں دے رہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالتی حکم کے باوجود آصفہ بھٹو کو آصف علی زرداری سے ملاقات سے روکنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ کمشنر مہرین بلوچ، اے ایس پی عائشہ گل اور اڈیالہ جیل کے حکام پیش ہوئے۔ جج محمد بشیر نے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا جیل  حکام تحریری جواب دیں پھر معاملے کو دیکھیں گے۔ عدالت نے سماعت 18ستمبر تک ملتوی کر دی۔