Tuesday, April 23, 2024

پاکستان کشمیریوں کا واحد وکیل ہے ، راجہ فاروق حیدر

پاکستان کشمیریوں کا واحد وکیل ہے ، راجہ فاروق حیدر
September 11, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا مظلوم کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے آج دنیا بھر میں مسئلہ اجاگر ہو رہا ہے ۔ پاکستان کشمیریوں کا واحد وکیل ہے۔ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آزاد کشمیر کی تمام جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا تمام سیاسی جماعتیں لائن آف کنٹرول کی طرف مارچ پر متفق ہو گئیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کہتے ہیں آج رات تک وفاقی حکومت سے رائے لینے کے بعد لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر پابندیاں عائد رکھی ہیں ۔ میرے اوپر لوگوں کا دباو ہے کہ لائن آف کنٹرول توڑا جائے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اس طرف مارچ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ دنیا نے مسئلہ کشمیر پر توجہ نہ دی تو خطے کا امن داو پر لگا رہے گا۔ ہندوستان خطے میں استعماری، معاشی و فوجی قوت کے طور سامنے لا رہا ہے۔ کشمیریوں کو مزید قربانیاں دینا پڑیں گی ۔