Thursday, May 9, 2024

24 اقسام کا کاروبار کرنے والوں سے اب ایڈوانس ٹیکس کٹے گا

24 اقسام کا کاروبار کرنے والوں سے اب ایڈوانس ٹیکس کٹے گا
October 9, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) 24 اقسام کا کاروبار کرنے والوں سے اب ایڈوانس ٹیکس کٹے گا۔ پولٹری، ادویات، گھی، آٹو پارٹس، کیمیکل سمیت دیگر کاروبار شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق ٹیکس کی کٹوتی مینوفیکچررز اور کمرشل امپورٹرز سے ہو گی۔ پولٹری، ادویات، انیمل فیڈ، خوردنی تیل، گھی، آٹو پارٹس اور ٹائروں کا کاروبار کرنے والوں سے ٹیکس کٹوتی ہو گی۔

دستاویز کے مطابق وارنش، کیمیکل، کاسمیٹکس، سیمنٹ، سٹیل، لوہے، الیکٹرانکس کی خرید پر بھی ٹیکس کٹے گا۔ کھاد، موٹر سائیکلوں، ذرعی ادویات، شیشے، ٹیکسٹائل، فوم اور سوفٹ ڈرنکس والوں کو بھی کٹوتی کا سامنا ہو گا۔ کھاد پر 0.7 فیصد جبکہ دیگر اشیا پر 0.1 فیصد کٹوتی ہو گی۔

دوسری جانب چھ مقامات پر سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا سسٹم ختم ہو گیا ہے ۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق سنگل ریٹرن پورٹل مکمل ہو گیا۔ لاکھوں کاروباری شخصیات کو صوبوں اور وفاق میں الگ الگ سیلز ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرانا پڑیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان سنگل ریٹرن کا معاملہ طے ہوچکا ہے۔ رواں ماہ سے پورٹل کے ذریعے ملک کے ہر مقام سے ایک ہی ریٹرن جمع کرانے کا سسٹم شروع ہو جائے گا۔ مختلف ٹیکس ریٹس سے بھی کاروبار کرنے والوں کی جان چھوٹ گئی۔