Saturday, May 4, 2024

24 گھنٹے کے بعد بھی پولیس عمران خان کو گرفتار نہ کرسکی، زمان پارک کے باہر حالات بدستور کشیدہ

24 گھنٹے کے بعد بھی پولیس عمران خان کو گرفتار نہ کرسکی، زمان پارک کے باہر حالات بدستور کشیدہ
March 15, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود پولیس چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار نہ کرسکی۔

عمران خان کی رہائش گاہ کے مرکزی گیٹ پرپی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس کوپسپاکردیا، پولیس کی جانب سے شیلنگ کی گئی تو پی ٹی آئی کارکنوں نے پٹرول بم پھینک کر دوگاڑیوں کو آگ لگا دی، صبح کے وقت پولیس کے تازہ دم دستے بھی زمان پارک پہنچے۔

پولیس نے تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، پولیس اہلکاروں کے ساتھ رینجرز کی بھاری نفری بھی زمان پارک پہنچی، جھڑپوں میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوئے، وکلا کے قافلے زمان پارک پہنچے تو پولیس  پیچھے ہٹ گئی۔

ڈی آئی جی اسلام آباد شہزاد بخاری، ایس پی عمارہ شیرازی اور ڈی پی او شیخو پورہ بھی کارکنوں کے پتھراؤ سے زخمی ہو گئے۔

زمان پارک کے اطراف رکاوٹیں لگاکر راستے بند کر دیئے گئے ہیں، انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپوں میں رینجرزاورپولیس اہلکاروں سمیت درجنوں افرادزخمی ہوگئے، پتھراؤ سے ڈی آئی جی اسلام آبادشہزاد بخاری، ایس پی عمارہ شیرازی، ڈی پی او شیخو پورہ بھی زخمی ہوئے

پولیس نےرات کومختلف سڑکوں سے زمان پارک کی جانب پیش قدمی کی تو مظاہرین نےپٹرول بم پھینک کر پولیس کی واٹر کینن جلا دی، پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا، ٹریفک وارڈنز کی موٹر سائیکلیں جلا دیں، یسکیو 1122 کا فائر ٹینڈر آگ بجھانے پہنچا تو کارکنوں نے اسے بھی آگ لگا دی۔

رکاوٹیں لگا کر راستے بند کرنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، دھرمپورہ ،جیل روڈ، گڑھی شاہو ،مغلپورہ ،میاں میر کے علاقوں میں اسکول اور کالجز آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔