Friday, April 26, 2024

مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت تناﺅ میں کمی آئی ہے، ٹرمپ

مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت تناﺅ میں کمی آئی ہے، ٹرمپ
September 10, 2019
واشنگٹن (92 نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کے تنازع پر تناﺅ میں کمی آئی ہے۔ طالبان سے مذاکرات کی منسوخی پر نائب صدر اور دیگر انتظامیہ سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات مسئلہ کشمیر کی وجہ سے کشیدہ ہیں اور میرے خیال میں دو ہفتے پہلے جتنا تنائو تھا وہ اب کم ہوگیا ہے اورمیں دونوں ممالک کے ساتھ بہت اچھا ہوں، اگر وہ چاہتے ہیں تو میں ان کی مدد کیلئے تیار ہوں، وہ اس پیشکش کے بارے میں جانتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبان سے کیمپ ڈیوڈ میں مذاکرات کی منسوخی پرمیرے بارے میں نائب صدر اور دیگر انتظامیہ کیساتھ اختلاف سے متعلق خبریں حقیقت کے منافی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے مذاکرات کا معاملہ مردہ ہوچکا ، امریکی افواج افغانستان میں پولیس کا کردار اداکرتی رہیں، حالانکہ دنیا کی بہترین فوج کا یہ کام نہیں کہ وہ پولیس بنے۔ صدرٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چار دنوں میں دشمن کو 10 برسوں سے زیادہ نقصان پہنچایا ، امریکی میڈیا پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت بہترین ہو رہی ہے اور میڈیا منفی خبریں دے کر ڈیمو کریٹس کو اگلا الیکشن جتوانا چاہتے ہیں مگر ایسا نہیں ہوگا کیونکہ عوام بہت باخبر ہیں۔ انہوں نے کہا انکی قیادت میں ملک درست سمت میں گامزن ہے۔