Friday, March 29, 2024

قوم آج یومِ دفاع و شہدا اور یکجہتی کشمیر جوش وجذبہ کیساتھ منارہی ہے

قوم آج یومِ دفاع و شہدا اور یکجہتی کشمیر  جوش وجذبہ کیساتھ منارہی ہے
September 6, 2019
 اسلا م آبا د(92نیوز)آج قریہ،قریہ ،نگر،نگر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ، قوم یومِ دفاع و شہدا اور یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب ہوئی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی ،وطن کیلئے جاں نثار کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وفاقی دارالحکومت میں دن کے آغاز پرتوپوں کی سلامی دی گئی اسی طرح صوبائی دارالحکومت میں دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوا ،مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی ۔اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ، مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل حامد رشید رندھاوا نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ لاہور میں مزار اقبال پر یوم دفاع کی پروقار تقریب ہوئی ،پاک فوج کے جوانوں نے سلامی پیش کی،مہمان خصوصی میجر جنرل محمد عامر نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سنگھوڑی میں شہید کیپٹن راجا محمد سرور کے مزار پر وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے حاضری دی۔ گوجر خان میں سوار محمد حسین شہید ، صوابی میں کیپٹن کرنل شیرخان شہید اور جہلم میں میجراکرم شہید کے مزارات پر سلامی پیش کی گئی۔ سی سی پی او لاہور نے بھی یادگار پولیس شہدا پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔