Thursday, April 25, 2024

مسئلہ کشمیر پر آخری گولی، آخری حد اور آخری سانس تک جائیں گے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

مسئلہ کشمیر پر آخری گولی، آخری حد اور آخری سانس تک جائیں گے ، ڈی جی آئی ایس پی آر
September 4, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے مسئلہ کشمیر پر آخری گولی، آخری حد اور آخری سانس تک جائیں گے۔ کوئی ڈیل ہوئی نہ ہوگی۔ اپنی قیادت پر اعتماد رکھیں۔ کشمیر جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہےمقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم انتہا پر ہے۔ ہر گھر کے باہر فوجی کھڑا ہے۔ خوراک اور دوائیں ختم، انسانی المیہ پیدا ہو رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد جتنا دبائے گا، اتنا اوپر اٹھے گی۔ میجر جنرل آصف غفور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت خطے میں نئی جنگ شروع کرنے کے بیج بو رہا ہے۔ بھارت میں ہٹلر کے پیروکار مودی کی حکومت ہے۔ اس کے اقدامات امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ ہمارے امن کے پیغام پر بھارت نے جنگی جہاز بھیجے، جن کا حال انہوں نے دیکھ لیا۔ میجر جنرل آصف غفور بولے بھارت فاشزم کے ماحول میں داخل ہو چکا ہے۔ وہاں اقلیتوں کے 22 کروڑ عوام انسانیت سوز سلوک اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا آرمی چیف مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہتے تھے۔ صورتحال دیکھ کر وزیراعظم نے فیصلہ کیا۔ امید ہے توسیع کے مثبت نتائج آئیں گے۔ آرمی چیف کے مختلف ملکوں کے سربراہوں سے اچھے مراسم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں قوم کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ ففتھ جنریشن وار سے تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں صرف پراپیگنڈہ ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دورہ امریکا میں کشمیر پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ امریکا کو اسامہ کی پہلی انفارمیشن ہم نے دی تھی۔ امریکا نے اسامہ کے معاملے پر یکطرفہ آپریشن کیا۔ افغانستان میں امن سے مغربی سرحد پر ریلیف ملے گا۔ وہاں پاک فوج کی تعیناتی ختم ہو جائے گی۔ ایران کا بارڈر بھی محفوظ کریں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ایٹمی ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پاکستان کی کوئی پالیسی نہیں۔ ہمارے پاس صلاحیت ہے اور صلاحیت استعمال کیلئے ہوتی ہے۔ مزید بولے کہ ملکی معیشت کو ہر حکومت نے پیرا سیٹامول دے کر درست کرنے کی کوشش کی۔ معیشت کا بلڈ ٹیسٹ کیا تو کینسر نکلا، جس کاعلاج کیمو تھراپی ہے، پیرا سیٹا مول نہیں۔