Thursday, April 25, 2024

بھارت نئی جنگ شروع کرنیکا بیج بو رہا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت نئی جنگ شروع کرنیکا بیج بو رہا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر
September 4, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے  میڈیا بریفنگ  میں بتایا کہ بھارت نئی جنگ شروع کرنے کا بیج بو رہا ہے ، کشمیر کے حالات خطے کیلئے بہت بڑا خطرہ بن چکے ہیں ، پاکستان کو نظر انداز کر کے کسی کے بھی مفادات پورے نہیں ہو سکتے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر  نے کہا کہ پاکستان  واحد ملک ہے جس نے تمام تر چیلنجز کا مقابلہ کیا ، پاکستان نے دہشتگردی کے ناسور کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، بھارت نے متعدد مرتبہ دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ، ہماری فوج کا بڑا حصہ افغانستان کی سرحد پر تعینات ہے ، بھارت کو تحفظات ہیں کہ ہماری فوج اگر مغربی بارڈر سے  فارغ ہو گئی تو کہیں اس کے لئے خطرہ نہ بن جائے ،بھارت کے ساتھ خطے کے پلیئرز کے معاشی مفادات منسلک ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 72سال سے عالمی طاقتوں  نے کشمیر پر اتنی توجہ نہیں دی جتنی اس مسئلے کو ضرورت تھی ،مسئلہ کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بد ترین المیہ بن گیا جس کا حل ضروری ہو گیا ہے ،گزشتہ ایک ماہ سے  کشمیر میں بد ترین حالات ہیں ،کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ، کشمیری عوام 72 سال سے جاری ظلم و ستم کی انتہا پر ہیں ،بھارتی حکومت نے اپوزیشن لیڈرز کو مقبوضہ وادی کا دورہ بھی نہیں کرنے دیا ۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ جنگیں صرف ہتھیاروں اور معیشت سے نہیں لڑی جاتیں ،  جنگیں جذبہ حب الوطنی سے لڑی جاتی ہیں ،کوئی حرکت کی تو  ہمارے شاہین تیار ہیں ، 27 فروری کو یاد رکھا جائے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم معاملے کو اقوام متحدہ لے کر گئے ، دنیا اب کشمیر پر بات کر رہی ہے ، مودی کہتے ہیں کہ ثالثی قبول نہیں ،گر ثالثی قبول نہ تھی تو امریکی صدر سے کس منہ سے بات کر رہے ہیں ،ہماری جدو جہد کشمیریوں  کے حق خود ارادیت کے حصول کی ہے ، سارے معاملے میں پاکستانی میڈیا کا کردار بہت اہم ہے ،  لندن میں جو احتجاج ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی ۔