Friday, March 29, 2024

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، نیب ٹیم آج شہباز شریف سے تفتیش کرے گی

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، نیب ٹیم آج شہباز شریف سے تفتیش کرے گی
August 29, 2019
لاہور (92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فراڈ کیس میں نیب ٹیم آج شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر تفتیش کرے گی۔ ذرائع کے مطابق زائد اثاثے بنانےاور ایل ڈبلیو ایم سی کرپشن کیس  سے متعلق سوالات تیار کرلیے گئے ہیں۔ سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ اور قانون کی رائے کی نفی کرکے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے کی سمری کیوں منظور کی گئی ؟سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ فعال ہونے کے باوجود کمپنی بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ نیب نے پوچھا ہے کہ صفائی کمپنی بنانے سے قبل منافع،استحکام اور اس کے کم خرچ ہونے کی تحقیق کرائی گئی تھی یا نہیں؟کیا یہ بات درست ہے کہ کمپنی آئی سٹیک  کو قانونی طریقہ استعمال کئے بغیر ٹھیکہ دیا گیا؟ یہ سوال بھی کیا گیا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کو تین سو بیس ملین ڈالر کا ٹھیکہ آؤٹ سورس کرنے کا اختیار کس نے دیا تھا؟ شہباز شریف سے پوچھا گیا ہے کہ صفائی کمپنی کو جامع منصوبہ بندی کے بغیر بڑا قرضہ اور امداد دینے کا فیصلہ کیوں دیا گیا؟ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے قرض وآپس کرنے اور سرمایہ پیدا کرنے کے منصوبے کو کیوں مسترد کیا گیا؟ نیب کے سوالنامےمیں کہا گیا ہے کہ جو غیر قانونی اقدامات اٹھائے گئے اس سے پنجاب حکومت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب نے شہباز شریف سے پوچھا ہے کہ بیرون ملک سے آپ اکاونٹ میں مشتبہ ٹرانزیکشن کے شواہد بھی ملے، ذرائع کیا ہیں؟ ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے چودھری شوگر ملز میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور شیئرز سے متعلق بھی سوالات کیے جائیں گے۔ اس دوران نیب نے  منڈی بہاؤالدین سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال اور سابق وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری عملدرآمد امداد اللہ بوسال کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔