Thursday, April 25, 2024

آرٹیکل 370 کی منسوخی ، بھارتی سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا

آرٹیکل 370 کی منسوخی ، بھارتی سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا
August 28, 2019

 نیو دہلی (92 نیوز) آرٹیکل 370 کی منسوخی پر بھارتی سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو نوٹس جاری کردیا اور سات روز میں جواب طلب کر لیا۔

مودی انتظامیہ کو اپنے ہی ملک کی سپریم کورٹ میں منہ کی کھانی پڑ گئی۔ نوٹس نہ لینے کی درخواست رد اور مقبوضہ کشمیر پر بات چیت کیلئے کسی کو تعین کرنے کی اجازت بھی نہ ملی۔

 چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی نے درخواستوں کی سماعت کیلئے پانچ رکنی بنچ تشکیل دے دیا ہے جس کی سربراہی وہ خود کر رہے ہیں۔ بنچ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اپنی کارروائی کا آغاز کرے گا۔

کشمیر ٹائمز اور بھارتی صحافی انورادھا نے انٹرنیٹ اور مواصلاتی نظام پر پابندی ختم کرنے کی درخواست جمع کرا رکھی تھی جس پر سپریم کورٹ نے حکومت سے سات روز میں جواب طلبی کی ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کشمیری طالبعلم محمد علیم کو اننت ناگ جانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے مقبوضہ کشمیر حکومت کو علیم سید کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل تین سو ستر کے خاتمے کے خلاف چودہ درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن میں کشمیری سماجی رہنما شاہ فیصل اور شہلا رشید بھی شامل تھے۔