Thursday, March 28, 2024

مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت، بھارتی شہری بھی  بول اٹھے

مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت، بھارتی شہری بھی  بول اٹھے
August 19, 2019
ممبئی ( 92 نیوز) مقبوضہ وادی  پر بھارتی بربریت کے خلاف بھارت کے اپنے اندر سے آوازیں اٹھنے لگی، سیاستدان، صحافی اور عام شہری بھی کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی جنونیت کے خلاف بول پڑے۔ بھارت کی ممتاز سیاستدان اور بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی بھی مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرخاموش نہ رہ سکیں، اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا آج انسان دوستی کاعالمی دن ہے۔ کشمیرمیں انسانی حقوق کی مکمل پامالی کی جارہی ہے۔ آئیےمل کرکشمیر میں انسانی حقوق اورامن کیلئےدعاکریں۔ مظلوم کشمیریوں کی حالت زار کا مذاق بنانے اور ان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے صحافیوں کے خلاف خود بھارتی صحافی ابھیسر شرما بھی بول پڑے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کیا کشمیر کے معنی آپ کیلئے صرف ایک زمین کا ٹکرا ہے۔ کشمیری لڑکیوں کے خلاف نازیبا گفتگو کرنے والوں پر بھی وہ برس پڑے اور کہا کہ تمہیں شرم آتی ہے، کیا کشمیر کے معنی تمہارے لیے یہی ہیں؟۔ ایک بھارتی خاتون نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا یہ ایک کھلا اعلان جنگ ہے اور اسکا نتیجہ اچھا نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا اسرائیل کا بھارت پر اثرورسوخ بڑھتا جا رہا ہے اور اسرائیل ایک بدنام زمانہ دہشت گرد ریاست ہے۔ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔ وہاں مواصلاتی نظام بند کر کے کشمیریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔ خاتون نے آرٹیکل 370 کے خاتمے اور کشمیر پر بھارتی ظلم کو بھارت کی جمہوریت پر سب سے بڑا سیاہ دھبہ قرار دیا۔