Saturday, April 20, 2024

مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ، لاکھوں عازمین حج کی منیٰ آمد

مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ، لاکھوں عازمین حج کی منیٰ آمد
August 9, 2019
 ریاض (92 نیوز) مناسک حج کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ۔ دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہو گئی۔ لاکھوں عازمین حج کی منیٰ آمد ہوئی۔ رواں برس اٹھارہ لاکھ سے زائد عازمین حج کا فریِضہ ادا کر رہے ہیں۔ منیٰ میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی بسے گی جہاں حجاج کرام ایمان افروز ماحول میں ذکر و اذکار اور عبادات میں مصروف رہیں گے۔ عازمین حج ہفتے کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں رکن اعظم وقوف عرفات ادا کیا جائے گا۔ رواں برس سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار تین دن مسلسل  تین خطبے دئیےجائیں گے۔ آج  جمعہ کا خطبہ دیا جائےگا، کل خطبہ حج  جبکہ  اتوار کو عید الاضحیٰ کا خطبہ دیا جائے گا۔ خطبہ حج شیخ محمد بن حسن دیں گے۔ دن بھر عرفات میں قیام اور مغرب کی اذان کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں  مغرب اور عشاء  کی نمازیں ایک ساتھ ادا کی جائیں گی۔ رات بھر مزدلفہ میں کھلے میدان اور پہاڑوں پر قیام ہو گا۔ اللہ کے مہمان اگلے روز شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے منٰی پہنچیں گے۔ سعودی حکومت نے حج کے دوران سیکورٹی کے خاص انتظامات کیے ہیں۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے منیٰ، مزدلفہ اور میدان عرفات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ پانچ ہزار سی سی ٹی وی کیمروں سے سیکورٹی کو فول پروف بنا دیا گیا ہے ۔ دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام رمی کیلئے جمرات جائیں گے۔ پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔