Friday, April 19, 2024

چودھری شوگر مل کیس ، مریم نواز اور یوسف عباس 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

چودھری شوگر مل کیس ، مریم نواز اور یوسف عباس 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
August 9, 2019

 لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت نے چودھری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز اور یوسف عباس کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے دونوں ملزموں کو 21 اگست کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کی ہدایت  کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور لیگی رہنما مریم نواز اور یوسف عباس کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں فاضل جج نعیم ارشد نے رمضان شوگرملز اور چودھری شوگر ملزم میں مبینہ منی لانڈرگ کیس کی سماعت کی۔

کمرہ عدالت پہنچنے پر مریم نواز کے شوہر اور انکے چچازاد بھائی نے انکا استقبال کیا ۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مریم نواز 92 سے 1997 تک چوہدری شوگر مل کی ڈائریکٹر رہیں اور انکے شیئرز 24 لاکھ سے 41 کروڑ ہوئے جو کہ سعید سلحدی اور صلاح الدین سے خریدے گئے لیکن شیئرز خریداری کی رقم بارے معلومات نہیں دی جا رہیں۔

پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کے اکاؤنٹ سے مشکوک ٹرانزیکشنز ہوئیں جس کی تحقیقات کے لیے انہیں دو دفعہ نیب طلب بھی کیا گیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپکے پاس کیا مواد ہے جو مریم نواز کو طلب کیا ؟

وکیل استغاثہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب نے مریم نواز کی گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ ہی نہیں کیا ،تفتیش میں تعاون کرنےکے باوجود گرفتاری آئین سے متصادم ہے۔ عدالتی فیصلوں کے  مطابق گرفتاری   کے لیے میٹریل فراہم کرنا ضروری ہے۔  

عدالت نے مریم نواز کو چوھری شوگر ملز کیس میں21  اگست تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا جبکہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 21 اگست تک توسیع کردی ۔

 پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔