Friday, March 29, 2024

مسلمانوں کی لغت میں ڈر کا لفظ نہیں ،27 فروری کو یاد رکھا جائے ، ترجمان دفتر خارجہ

مسلمانوں کی لغت میں ڈر کا لفظ نہیں ،27 فروری کو یاد رکھا جائے ، ترجمان دفتر خارجہ
August 8, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے  ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کیخلاف تمام آپشنز استعمال کرنے  کی ہدایت کر دی ، مسلمانوں کی لغت میں ڈر کا لفظ نہیں ، 27 فروری کو یاد رکھا جائے ۔ ہفتہ وار بریفنگ میں  ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، فیصلے سے  بھارت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں فیصلہ ہوا کہ بھارتی جارحیت پر بھرپور جواب دیا جائے گا ، پارلیمنٹ ہاؤس اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی اجلاس میں بھارت کو جواب مل چکا ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ تاثر مسترد کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا داخلی معاملہ ہے، مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے،عالمی برادری بھارت یکطرفہ غاصبانہ اقدامات پر اپنا ردعمل دے رہی ہے،کلبھوشن پر کوئی نئی خبر آئے گی تو بتائیں گے۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کے صدور کو خط لکھے ہیں،اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بربریت کے سلسلے کو ختم کرایاجائے، پاکستان نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے بھارت کو آگاہ کردیا ہے۔ ڈاکٹر فیصلہ نے بتایا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات،  ایف اے ٹی ایف، افغان امور پر گفتگو ہوئی، پاکستان اور امریکا نے دوطرفہ سطح پر سفارتکاروں سے سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں ۔وزیر خارجہ اور لنزے گراہم سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔امریکی سینیٹر نے مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے مذاکرات کے راستے بند کیے، سارک کو بھی بھارت نے غیر فعال کیا، مذاکرات سے ہم نے کبھی انکار نہیں کیا،بھارت ہی بتائے وہ کیا چاہتا ہے،وزیراعظم نے کہا تھا بھارت ایک قدم بڑھائے گا ہم دو بڑھائیں گے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ  پاکستان کی پالیسی ردعمل کے طور پر نہیں، قومی پالیسی آزاد ہے،عالمی عدالت انصاف کے پاس جانے سے متعلق اٹارنی جنرل تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے اطلاق کیلئے متعلقہ وزارتیں کام کر رہی ہیں،کچھ بھی ہو جائے ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،کشمیر کا معاملہ 7 دہائیوں کا مسئلہ ہے ، ان کیساتھ ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے ۔