Friday, April 19, 2024

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، بھارتی اقدام کو مسترد کرنے کے موقف کی حمایت

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، بھارتی اقدام کو مسترد کرنے کے موقف کی حمایت
August 6, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو مسترد کرنے کے حکومت پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کی گئی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کا واحد ایجنڈا کشمیر کی صورتحال تھا۔ان کے مطابق  کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ  پاک فوج کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ہم ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہیں ،وطن کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے کہا ‏ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاک فوج ‏اپنی اس ذمہ داری کو نبھانے کے لئے آخری حد تک جانے کو تیار ہے۔ کور کمانڈرز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کو ‏قانونی بنانے والا آرٹیکل تسلیم نہیں کیا۔ اب بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے ‏بہانے کو ختم کر دیا ہے۔ عسکری قیادت نے بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی فیصلے کی بھرپور تائید ‏کی۔