Wednesday, April 24, 2024

پاکپتن اراضی الاٹمنٹ کیس،اینٹی کرپشن ٹیم کی نوازشریف سے جیل میں تفتیش

پاکپتن اراضی الاٹمنٹ کیس،اینٹی کرپشن ٹیم کی نوازشریف سے جیل میں تفتیش
July 30, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پاکپتن اراضی الاٹمنٹ کیس میں اینٹی کرپشن ٹیم نے نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں پوچھ گچھ کی ، نوازشریف کا کہنا تھا تمام قانونی تقاضے پورے کئے، قانونی ٹیم سے مشاورت کرکے جواب دیں گے۔ کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے اینٹی کرپشن ٹیم کی پاکپتن اراضی الاٹمنٹ کیس میں پوچھ گچھ کی ، ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال شفقت اللہ  کی قیادت میں تین رکنی  ٹیم نےنوازشریف سےتحقیقات کیں۔ تحقیقاتی ٹیم نے 1985 کے کاغذات نوازشریف کے سامنے رکھتے ہوئے پوچھا کہ کیا الاٹمنٹ کیلئے اخبار اشتہار دیا تھا؟، زمین کی کن بنیادوں پر الاٹمنٹ کی گئی؟،کن کن افسران کو الاٹمنٹ کا حکم نامہ جاری کیا گیا؟۔ سابق وزیراعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ 34 سال پرانے کاغذات ہیں مجھے کچھ یاد نہیں ، تحقیقاتی ٹیم نے سوال کیا کہ دیوان قطب کو کن بنیادوں پر زمین الاٹ کی گئی؟، نوازشریف نے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کئے مگر تفصیلات یاد نہیں،آئین و قانون کے دائرہ میں رہ کرکام کیا،کبھی اختیارات سے تجاوز نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعدجواب دیں گے،تحقیقاتی ٹیم نے دس سوالات کاسوالنامہ ان کے حوالے کردیا۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نوازشریف سے پاکپتن اراضی الاٹمنٹ کیس میں سواگھنٹہ تک پوچھ گچھ کے بعد واپس روانہ ہوگئی،نوازشریف کوٹ لکھپت جیل میں العزیہ ریفرنس میں سزاکاٹ رہے ہیں۔