Thursday, March 28, 2024

امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس ڈین کوٹس بھی عہدہ سے مستعفی

امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس ڈین کوٹس بھی عہدہ سے مستعفی
July 29, 2019
واشنگٹن ( 92 نیوز)ٹرمپ انتظامیہ میں ایک اور تبدیلی ،  امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس ڈین کوٹس 15اگست تک عہدہ چھوڑدیں گے ، کوٹس کے صدر ٹرمپ سے امریکی انتخابات میں روسی مداخلت اور شمالی کوریا کے میزائل پروگرام بارے مؤقف پر شدید اختلافات تھے۔ امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس ڈین کوٹس کی سبکدوشی کا اعلان  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کیا ، ان کا کہنا تھا کہ ڈین کوٹس نے ملک کیلئے شاندار خدمات سر انجام دیں جس پر اُن کے شکرگزار ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر اکاوئنٹ سے نئے ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کا بھی اعلان کر دیا ہے ،  انہوں نے اس عہدے کے لیے ٹیکساس سے رپبلکن رکن کانگریس جان ریٹکلف کا انتخاب کیا ہے جو ان کے حمایتی سمجھے جاتے ہیں اور ان کا دفاع بھی کرتے ہیں۔ ڈین کوٹس عوامی اور ذاتی سطح پر صدر ٹرمپ سے امریکی الیکشن میں روسی مداخلت اور شمالی کوریا کے میزائل پروگرام کے حوالے سے اپنے اختلافات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ اپنے استعفیٰ میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے سب سے بڑے انٹیلی جنس عہدے دار کے طور پر کام کرنا ان کے لیے عزت کا باعث رہا ہے، لیکن وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنی زندگی کا نیا باب شروع کریں۔