Tuesday, April 23, 2024

امام الحق بھی می ٹو مہم کی زد میں آگئے

امام الحق بھی می ٹو مہم کی زد میں آگئے
July 25, 2019
لاہور ( 92 نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز امام الحق بھی می ٹو مہم کی زد میں آگئے ، سوشل میڈیا پر ان کے مختلف لڑکیوں کے ساتھ مبینہ میسجز اور تصاویر وائرل  ہو گئیں ، صارفین نے  شدید تنقید شروع کردی۔ امام الحق  بھی می ٹو مہم کے ہاتھوں  کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور  سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے  امام  کا اسکینڈل سامنے  آگیا۔ چند  لڑکیوں نے اُن کے کیساتھ مبینہ واٹس ایپ میسجز کے اسکرین شاٹس  اور تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کردیں  جس کے باعث قومی بلے باز  سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں ۔ کسی لڑکی نے  امام پر محبت میں پھنسانے کا ، کسی نے گمراہ کرنے توکسی نے  شادی کا کہہ کر چھوڑ دینے کا الزام عائد کیا۔ امام کی جانب سے الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔  اوپنر بلے باز کے مبینہ میسجز منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا  پر طوفان سا برپا ہوگیا۔ سوشل میڈیا  صارفین امام الحق پر  طرح طرح کے فقرے کس رہے ہیں ، کسی نے امام  کو تنقید کا نشانہ بنایا تو کسی نے الزام لگانے والوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ثبوت مانگ لیے ۔ کرکٹرز کے خواتین کےساتھ افیئرز نئی بات نہیں  ماضی قریب میں عماد وسیم ،شعیب ملک اور شعیب اختر کے سکینڈلز بھی سامنے آتے رہے ہیں۔