Wednesday, April 24, 2024

کون بچائے گا پاکستان ،عمران خان عمران خان، ارینا اسٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا

کون بچائے گا پاکستان ،عمران خان عمران خان، ارینا اسٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا
July 22, 2019
واشنگٹن(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا خطاب سننے کیلئے پاکستانی کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد کیپٹل ون ارینا سٹیڈیم پہنچی  ،  سٹیڈیم لوگوں سے کھچا کھچ بھر گیا جبکہ سٹیڈیم کے باہر بھی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔پردیس میں دیس کے رنگ سج گئے ۔اسٹیڈیم کون بچائے گا پاکستان ، عمران خان عمران خان کے نعروں سے گونجتا رہا۔

مداحوں کا جوش و خروش دیدنی تھا

اسٹیڈیم کے اندر اورباہر لوگ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے اور’’کون بچائے گا پاکستان ،عمران خان عمران خان‘‘ کے نعرے لگاتے رہے ۔ اس موقع پر لوگو ں کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ امریکہ کی دوردراز ریاستوں کے علاوہ پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد کینیڈا کے شہر ٹورنٹو اوریورپی ممالک سے بھی اس سٹیڈیم میں پہنچی۔

اسٹیدیم کھچا کچھ بھر گیا

اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر20ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے  ،  جلسے کے موقع پر نہ صرف ملی نغمے بلکہ پی ٹی آئی کے ترانے بھی گائے گئے ۔ ان کیلئے خصوصی ڈی جے کا انتظام کیا گیاتھا۔ہرطرف قومی پرچم اورپی ٹی آئی کے پرچموں کی بہارتھی۔

سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے

بتایا جاتا ہے کہ  ارینا اسٹیڈیم کی تمام سکیورٹی کے انتظامات سیکرٹ سروسز کے اہلکاروں نے سنبھال رکھے تھے  ، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے پولیس کے ہیلی کاپٹر اسٹیڈیم کے اردگرد فضا میں چکر لگا تے رہے  ،  سٹیڈیم میں گلوکار سلمان احمد نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا، لوگوں کے لئے ٹھنڈے پانی اور سوڈے کے سٹالز لگائے گئے تھے ۔ اسٹیڈیم کے باہر گیارہ بڑی ٹی وی سکرینیں لگائی گئی تھیں ،  سیکرٹ سروس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد باہر کے انتظامات کو کنٹرول کرنے کے لئے سرگرم رہی۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس کو ارینا سٹیڈیم میں اجتماع کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے اور آج صدر ٹرمپ عمران خان کو اس کامیاب شو پر مبارکباد بھی پیش کرینگے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران اس سٹیڈیم میں تقریر کی تو اسمیں اٹھارہ ہزار افراد شریک ہوئے ۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عمران خان نے سٹیڈیم کو فل کر کے ساؤتھ ایشیا کے بڑے لیڈر ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔