Tuesday, April 23, 2024

آج امریکا کا دو سو تنتالیسواں یوم آزادی منایا جارہا ہے

آج امریکا کا دو سو تنتالیسواں یوم آزادی منایا جارہا ہے
July 4, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکا کی عوام آج اپنا دو سو تنتالیسواں یوم آزادی منا رہے ہیں۔ واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سلوٹ ٹو امریکا تقریب میں فوجی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ جشن آزادی کی مرکزی تقریب واشنگٹن میں منائی جائے گی۔ وائٹ ہاؤس کے سامنے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سلیوٹ ٹو امریکا پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں عسکری قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ بلیو اینجلز اور صدارتی طیارہ ایئر فورس ون فلائی پاسٹ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ٹینک اور عسکری سازو سامان کی نمائش کی جائے گی۔ کروڑوں ڈالر کی لاگت سے ہونے والی سلیوٹ ٹو امریکا تقریب کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ صدرٹرمپ اسے اپنی انتخابی مہم کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ اخراجات کے بارے میں اپنے ایک ٹویٹ میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ دن کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے، اس پر کیا جانے والا خرچ بہت ہی کم ہے۔ جشن آزادی کے حوالے سے ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام اہم اور سرکاری عمارتوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔