Thursday, March 28, 2024

‏23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے ، وزیر اعظم

‏23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے ، وزیر اعظم
March 23, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہماری  قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے ۔  اس دن مسلمانوں نے ہندو اکثریت سے غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کیا۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ  قائد اعظم کی قیادت میں متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں نے اپنی تہذیب و تمدن  کے تحفظ کے لئے بےمثال جستجو کا آغاز کیا  جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد و خود مختار مسلم ریاست معرض وجود میں آئی، گذشتہ ستر سال سے آج تک کے حالات و واقعات ہمارے آباؤ اجداد کے وژن اور سوچ کی وسعت و صداقت کی گواہی دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ  آج کا دن ہمیں علامہ محمد اقبالؒ کے افکار اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے، ہم ان مقاصد کا حصول ممکن بنائیں جو قیام پاکستان کے وقت بحیثیت قوم ہمارا نصب العین تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،  اس سال یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے تاکہ  ہم اس آفت کا مقابلہ کرسکیں جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ میں اپنے ہم وطنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خوف میں مبتلا نہ ہوں بلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔