Friday, May 17, 2024

23 مارچ کا دن قوم کے لئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، شاہ محمود قریشی

23 مارچ کا دن قوم کے لئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، شاہ محمود قریشی
March 23, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا 23 مارچ کا دن قوم کے لئے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پیغام میں کہا اس دن ہم آزاد وطن کے حصول کے لئے اپنے آباﺅاجداد کی ان قربانیوں کو تازہ کرتے ہیں۔ قربانیوں کی شروعات 1940ء میں تاریخی قرارداد پاکستان سے ہوئیں۔ بالآخر 7 برس کے مختصر عرصے میں ایک الگ آزاد مملکت کا حصول ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا قرارداد پاکستان ہماری قومی اور تاریخی امنگوں کی عکاس ہے۔ اس دن ہم قائداعظم ؒ، تمام قائدین، بزرگوں، شہداء اور اپنے ہیروز کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہمارے ہیروز نے عظیم قربانیاں دے کر آزاد مملکت کے خواب کو عملی جامہ پہنایا۔ یہ دن ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو حقیقی فلاحی، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے عزم کی تجدید کریں۔ اس روز ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دیئے گئے حق خودارادیت کے حق کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہار یکجہتی اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بولے بلاشبہ اس وقت کورونا جیسی وباء پوری دنیا کے لئے ایک چیلنج بن چکی ہے۔ اس وباء نے بین الاقوامی یکجہتی اور تعاون کے نئے مواقع بھی فراہم کئے ہیں۔ پاکستان اس موذی وباء کو مکمل شکست دینے کے لئے زیادہ سے زیادہ عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں لیکن وہ ان حالات کا متحد ہو کر مقابلہ کرتی ہیں۔ پاکستانی قوم نے کورونا وباء کا مقابلہ کرنے کے لئے بڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ چونکہ کورونا وباء سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں اس لئے ہم احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو نظر انداز کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ اللہ تعالی پاکستان اور تمام انسانیت کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ پاکستان پائندہ آباد!