Friday, May 17, 2024

23 مارچ خوابوں کی تعبیر کا دن ہے ، عثمان بزدار

23 مارچ خوابوں کی تعبیر کا دن ہے ، عثمان بزدار
March 23, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا 23 مارچ خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔

عثمان بزدار نے یوم پاکستان پر پیغام میں کہا آزادی کی تاریخ میں یوم پاکستان 23 مارچ کے دن کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ایک ایسا دن ہے جب آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی۔ آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے۔ بحیثیت قوم ہم قائد اعظم اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کروانے مسلم لیگ کے اکابرین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے منٹو پارک کے تاریخی جلسے میں منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی۔ 23 مارچ کا دن جذبوں کی تعمیر اور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ حصول آزادی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا۔ پاکستان کی منزل پانے کے لئے آگ اور خون کے دریاؤں سے گزرنا پڑا۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں بے شمار قربانیاں دے کر الگ وطن کی جدوجہد کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا برصغیر میں بسنے والی مختلف نسلیں، مختلف قبیلے اور مختلف فرقے ایک قوم بننے کا فیصلہ نہ کرتے تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہو پاتا۔ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر بتدریج جاری ہے۔ اس مرحلے میں قوم کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ بحیثیت قوم ہم نے پاکستان کے موجودہ چیلنجز کو سمجھتے  ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔