Friday, April 26, 2024

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری ، فریال تالپور احتساب عدالت پیش ہوئے ‏

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس ، آصف زرداری ، فریال تالپور احتساب عدالت پیش ہوئے ‏
May 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت  میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی ، جج محمد ارشد ملک نے  کیس کی سماعت کی۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری، فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے، اومنی گروپ کے ملزمان بھی عدالت حاضر ہوئے ،کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کر دی گئی ۔ دوران سماعت آصف علی زرداری کافی دیر روسٹرم پر آ کر کھڑے رہے، ریفرنس کے تفتیشی افسر نے پیپر بکس ملزمان کو آج بھی فراہم نہ کیا۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ فرد جرم عائد کرنےسے قبل ریکارڈ فراہم کیا جائے ،تاکہ مکمل ریکارڈ دیکھ  سکیں جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر کے ساتھ حادثہ ہو گیا اور سر میں چوٹ آئی ہے۔ حاضری یقینی بنانے کے لئے آصف علی زرداری اور فریال تالپور نےضمانتی مچلکے جمع کرا دیے  ، جج محمد ارشد ملک نے فریال تالپور سے استفسار کیا کہ آپ کا اصلی شناختی کارڈ کہاں ہے ۔ فریال تالپور نے عدالت کو بتایا کہ  اپنا شناختی کارڈ گھر بھول آئی ہوں ۔

آصف زرداری کیخلاف ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن ‏گیا

سماعت کے بعد  صحافی کے کیسز اور پیشیوں بارے سوال پر آصف زرداری نے جواب دی اکہ رمضان  کی برکتیں ہیں ۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ زرداری صاحب عید کہاں گزاریں گے تو سابق صدر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا جہاں جج گزارنے دیں گے ۔ آصف زرداری نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب چاہتے ہیں میں اسلام آباد میں ہی رہوں، اس لیے اتنی تاریخیں ڈالے جا رہے ہیں ۔ دوسری جانب سابق صدر آصف زردری آج نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوں گے ، سابق صدر نے 15 دن کی مہلت کے لئے درخواست  دیدی۔ نیب راولپنڈی کو آصف علی زرداری کی جانب سے 15 روز کی مہلت کی درخواست موصول ہو گئی ،  نیب نے درخواست منظور کر لی ۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری  کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ، فیصلے کے بعد نیا نوٹس جاری کیا جائے گا۔