Friday, March 29, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن ، پرویزرشید ، خواجہ آصف اور رانا ثنا نے بیان قلمبند کرایا

سانحہ ماڈل ٹاؤن ، پرویزرشید ، خواجہ آصف اور رانا ثنا نے بیان قلمبند کرایا
March 7, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ازسرنو تحقیقات میں نئی جے آئی ٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔ پرویزرشید ، خواجہ آصف اور رانا ثنا نے بیان قلمبند کرایا۔ سانحہ ماڈل ٹاون کی ازسرنو تفتیش کے لیے اے ڈی خواجہ کی سربراہی میں ہونے والے طویل اجلاس میں سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف ، سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ شامل تفتیش ہو گئے۔ لیگی رہنماوں سے تفتیش کا طویل سیشن چلا جس میں ان کے بیانات قلمبند کیئے گئے۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وکیل کے ذریعے تحریری بیان جمع کرا دیا۔ شہباز شریف اور رانا ثناٗ اللہ نے بیان میں کہا کہ 2014 میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں پیش ہوئے جہاں ان سے بھرپور تفیش کی گئی۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چالان جمع ہوا تو انہیں ملزم نامزد نہیں کیا گیا۔ عدالت نے 127 ملزمان کو طلب کیا ، اس میں بھی وہ شامل نہیں تھے۔ قانون کے مطابق چالان جمع ہونے کے بعد معاملے کی دوبارہ تفتیش نہیں ہو سکتی۔ شامل تفتیش ہونے والے لیگی رہنماوں کا کہنا تھا عمران خان اور علامہ طاہرالقادری کا گٹھ جوڑ ہے اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانا بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا یہ اعتراض وہ جے آئی ٹی کے سامنے بھی رکھ چکے ہیں۔