Friday, March 29, 2024

جنگ پکنک نہیں ، مودی بیانات پر غور کریں ، اے ایس دلت

جنگ پکنک نہیں ، مودی بیانات پر غور کریں ، اے ایس دلت
February 26, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز)بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے مودی سرکار کو تنبیہ  کرتے ہوئے کہا کہ  جنگ کوئی پکنک نہیں،وزیر اعظم نریندر مودی جنگ سے متعلق اپنے اعلانات اور بیانات پرغور کریں۔ پلوامہ حملے کے بعد  جنگی جنون میں مبتلا بھارتی سرکار پاکستان کو سبق سکھانے کی بڑھکیں مارنے میں مصروف ہے  جس پر را کے سابق سربراہ اے ایس دلت نے حکومت کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے ۔ بھارتی اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ  اگرچہ مودی نے فوج کو فری ہینڈ دینے کی بات کی ہے  لیکن موجودہ دور میں جنگ زیادہ ہولناک ہوسکتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ  ممبئی حملے کے بعد بھی جنگ کا شور مچایا گیا لیکن اُس وقت کے وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے ایسا نہیں کیا، مودی کو بھی دوسرے آپشنز پر غور کرنا چاہیے کیونکہ جنگ کوئی پکنک نہیں۔ اے ایس دولت کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان اور بھارت میں 1971 کے بعد کوئی  حقیقی جنگ نہیں، کارگل ایک محدود آپریشن تھا جس میں خوش قسمتی سے عام لوگ متاثر نہیں ہوئے لیکن اگر آج لاہور ،امرتسر یا پھر مظفر آباد پر بمباری ہوتی ہے تو کیا مودی حکومت نتائج بھگتنے کیلئے تیار ہے ؟۔  آج  کے ہتھیار بہت جدید ہوچکے ہیں ۔ را کے سابق سربراہ نے مزید کہا کہ  بھارتی حکومت کو کشمیر میں  جارحانہ پالیسی اپنانے کی بجائے  کشمیریوں کے دل و دماغ جیتنے کی ضرورت ہے ۔