Friday, April 26, 2024

سانحہ ساہیوال ، جے آئی ٹی نے رپورٹ وزیر اعلیٰ کوجمع کرا دی

سانحہ ساہیوال ، جے آئی ٹی نے رپورٹ وزیر اعلیٰ کوجمع کرا دی
February 23, 2019
لاہور ( 92 نیوز) سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ  وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار کو جمع کرا دی ۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ذیشان کا کالعدم تنظیم داعش کیساتھ تعلق تھا ،ذیشان کے موبائل کی فرانزک رپورٹ کے مطابق ذیشان داعش پنجاب کے کمانڈر خالد عرف بٹ صاحب کیساتھ رابطے میں تھا ۔ وہ داعش کا ایکٹو ممبر ہونے کیساتھ ساتھ نیٹ ورک کے تمام دہشتگردوں کا سہولت کار بھی تھا، رپورٹ کے مطابق وقوعہ سےایک ہفتہ قبل ذیشان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہنڈا سٹی گاڑی میں بارودی مواد ساہیوال لیکر گیا ۔ ذیشان کی سفید آلٹو گاڑی فیصل آباد میں ہلاک دہشتگرد عدیل حفیظ کی ملکیت تھی ،  رپورٹ کے مطابق ذیشان کی تمام تر سرگرمیوں کا اسکی والدہ، بیوہ اور بھائی کو بخوبی علم تھا،جے آئی ٹی نے ذیشان کےبھائی احتشام کاکرداربھی مشکوک قراردے دیاہے۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں افسران نے جائے وقوعہ سے تمام تر کرائم سین کے شواہد ختم کئے ، کسی موٹرسائیکل سوار یا ذیشان  کے ساتھیوں کی جانب سے سی ٹی ڈی پر کوئی فائرنگ نہیں ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا کہ سب انسپکٹر صفدر حسین اور آپریشن میں حصہ لینے والے دیگر اہلکاروں نے آپریشن میں استعمال ہونے والا اسلحہ، ڈی وی آرز اور دیگر شواہد میں ردوبدل کیا۔