Friday, March 29, 2024

پی ایس ایل فور ، کوئٹہ نے لاہور کو شکست دیدی

پی ایس ایل فور ، کوئٹہ نے لاہور کو شکست دیدی
February 23, 2019
شارجہ ( ویب ڈیسک ) پی ایس ایل فور کے  اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے  لاہور قلندرز کو  3 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ پی ایس ایل فور کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے  ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ، لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے  ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 144 رنز کا ہدف بیسویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا ۔ پی ایس ایل فور کے بارہویں میچ میں  لاہور قلندرز نے  پہلے بیٹنگ کی تو آغاز نہ ہو سکا۔ لاہور قلندرز کے اوپنر  فخر زمان ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور  چار گیندیں کھیل کر تین اسکور بنا پائے ، وہ محمد نواز کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ساتھی اوپنر سہیل اختر نے جارحانہ انداز اپنایا اور تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے21 گیندوں پر 29 رنز بنائے ، وہ غلام مدثر کی گیند پر کیپر سرفراز احمد کےہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ عرصہ دراز بعد  کرکٹ میں واپسی کرنے والے ٹاپ آرڈر سلمان بٹ  7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر غلام مدثر کی گیند  پر حسن علی کو کیچ تھما بیٹھے ۔ کورے اینڈرسن نے 18 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز بنائے ، وہ انور علی کی گیند پر محمد نواز کےہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ کپتان اے بی ڈویلئرز نے مڈل آرڈر ڈیوڈ وائز کیساتھ مل کر اسکور میں تیزی سے  اضافہ کیا ، ڈیوڈ نے 16 گیندوں پرایک چھکے کی مدد سے 20 اسکور کئے اور کیچ آؤٹ ہوئے ۔ وکٹ کیپر بلے باز گوہر علی پانچ گیندوں پر پانچ اسکور بنا کر چلتے بنے ، وہ غلام مدثر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ یاسر شاہ نے ایک  اسکور کیا ، کپتان ڈویلئرز 45 اور لمچھنے 5 اسکور کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو  اوپنر شین واٹسن میچ کی تیسری ہی گیند پر  بغیر اسکور بنائے چلتے بنے ،کچھ ہی دیر بعد ٹاپ آرڈر رائیل روسو بھی یاسر شاہ کا شکار ہو گئے ، انہوں نے 17 رنز بنائے ۔ عمر اکمل کی بیٹنگ بھی مایوس کن رہی ، وہ 7 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اوپنر احسن علی نے محتاط انداز اپناتے ہوئے 29 گیندوں پر 40 اسکور کیا ، ان کی اننگز دو چھکوں اور دوچوکوں  سے مزین تھی ۔ غیر یقینی کی صورتحال میں کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے تو ان کیساتھ کوئی بھی ٹک نہ پایا ، ڈیوائن سمتھ دو ، محمد نواز 19 ،انور علی ایک اسکور بنا کر چلتے بنے ۔ میچ کی آخری گیند پر  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لئے  2 اسکور چاہئے تھے کہ کپتان سرفراز احمد نے چھکا لگا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا اور اپنی ففٹی مکمل کی ۔ سرفراز احمد 36 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔