Thursday, April 18, 2024

پی ایس ایل 4 کا پہلا میچ آج ، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مقابل ہونگے

پی ایس ایل 4 کا پہلا میچ آج ، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مقابل ہونگے
February 14, 2019
دبئی ( 92 نیوز ) پی ایس ایل فور کا پہلا میچ آج دبئی میں کھیلاجائے گا جس میں لاہور قلندرز اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ ایک دوسرے کے مقابل ہوں گے ۔ انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں ، آج رات سے چوکوں چھکوں کی بارش ہو گئی  ، پی ایس ایل فور کی افتتاحی تقریب کے بعد پہلے میچ کی سیٹی بھی آج ہی بجے گی جس میں دفاعی چیمپئن اور لاہور قلندرز میدان میں اتریں گے ۔ وفاقی اور صوبائی دار الحکومت کے شہری اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرنے کے لئے بے تاب ہیں تو دوسری  جانب ملک کے باقی صوبوں میں بھی  لوگ اپنے فیورٹ کھلاڑی کو ایکشن میں دیکھنے کو بے قرار ہیں ۔ اپنے شہر سے جذباتی وابستگی رکھنے والے لاہوریوں کی پسندیدہ ٹیم لاہور ہے مگر  کرکٹ پر گہری نظر  اور رکھنے والے  لاہوریے  اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی سپورٹر ہیں ۔ اسی طرح اسلام آباد کے شہریوں کی ترجیح اسلام آباد یونائیٹڈ ہے مگر بہت سے لوگ لاہور قلندرز کے سٹارز کے فین ہیں اور ان کی جیت کیلئے دعا گو ہیں ۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد  کی کمان محمد سمیع کے ہاتھ میں ہے  ۔جب کہ ٹیم کی بلے بازی کا شعبہ صاحبزادہ فرحان ، آصف علی ، حسین طلعت ، لیوک رانچی  ، فلپ سالٹ ایان بیل ،رضوان حسین ، ناصر نواز کے سپر دہے ۔ بلے بازوں کو آل راؤنڈرز فہیم اشرف ، کیمرون ڈیلپورٹ ، سمتھ پاٹیل ، احمد بٹ کی معاونت بھی حاصل ہو گی ۔ اسی طرح باؤلنگ کے شعبے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کپتان محمد سمیع ، ظفر گوہر ، وقاس مقصود ،رومان رئیس ، شاداب خان ، محمد موسیٰ ، وائین پارنل ، ظاہر خان پر انحصار کریگی جب کہ انہیں آل راؤنڈرز کی معاونت حاصل ہو گی ۔ لاہور قلندرز کے سکواڈ میں بلے باز فخر زمان ، اے بی ڈویلیئر، کپتان محمد حفیظ ، عمری مقصود، برینڈن ٹیلر ، گوہر علی ، حارث رؤف  مخالف باؤلرز کا امتحان لیں گے جب کہ انہیں  آل راؤنڈرز حارث سہیل ، سہیل اختر ،آغا سلمان ، حسن خان ، انٹون ڈیویچ ، کارلوس برتھویٹ  ، کورے اینڈرسن ، محمد عمران  کی معاونت حاصل ہو گی ۔ لاہور قلندرز مخالفین کی وکٹیں اڑانے کیلئے یاسر شاہ ، شاہین شاہ آفریدی ، راحت علی ، سندیپ لیمچھنی کی طرف دیکھیں گے جب کہ آل راؤنڈرز انہیں مدد فراہم کریں گے ۔ پی ایس ایل کے دیوانوں کا کہنا ہے کہ چاہے کوئی بھی ٹیم ہار ، فتح تو پاکستان کی ہی ہو گی ۔ پاکستان سپر لیگ فور کے تین میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور جبکہ پانچ کراچی میں ہوں گے۔