Friday, April 19, 2024

اینٹی کرپشن کی عبدالرزاق داؤد سمیت دیگر کیخلاف تحقیقات مکمل

اینٹی کرپشن کی عبدالرزاق داؤد سمیت دیگر کیخلاف تحقیقات مکمل
February 12, 2019
 کراچی (92 نیوز) رہائشی زمین غیر قانونی طریقے سے کمرشل کرنے کے کیس میں اینٹی کرپشن سندھ نے وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد سمیت دیگر کیخلاف تحقیقات مکمل کرلیں۔ وزیراعلی سندھ کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داود اور منظور قادر کاکا سمیت دیگر کیخلاف وزیراعلی سندھ سے کارروائی کی اجازت مانگ لی۔ اینٹی کرپشن نے بتایا کہ سات رہائشی بینگلوز کو کمرشل کرکے غیرقانونی طریقے سے 17 منزلہ عمارت بنائی گئی۔ عبدالرزاق داؤد کے رشتے دار فاروق داؤد، ماجد داؤد، یعقوب داؤ اور عائشہ داؤد سمیت دیگر فائدہ حاصل کرنیوالوں میں شامل ہیں۔ اینٹی کرپشن کے مطابق عبدالرزاق داؤد اور ان کے قریبی رشتے داروں کو 16 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔ اینٹی کرپشن نے کے ایم سی کے سابق ایڈمنسٹریٹر ہاشم رضا زیدی، سابق میونسپل کمشنر متانت علی، بلڈر آفتاب لاکھانی کے خلاف بھی کارروائی کی اجازت طلب ہے۔ اینٹی کرپشن کے مطابق ہاشم رضا زیدی نے اختیارات نہ ہونے کے باوجود نیو ٹاون سے اسٹیڈیم روڈ تک علاقوں کو رہائشی سے کمرشل زمین میں تبدیل کیا۔