Friday, April 19, 2024

سانحہ ساہیوال ، جاں بحق خلیل کی فیملی نے جے آئی ٹی کو بیانات قلمبند کروا دیئے

سانحہ ساہیوال ، جاں بحق خلیل کی فیملی نے جے آئی ٹی کو بیانات قلمبند کروا دیئے
February 8, 2019
 لاہور (92 نیوز) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کی فیملی نے جے آئی ٹی کو بیانات قلمبند کروا دیئے۔ سانحہ ساہیوال میں لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر جے آئی ٹی نےجاں بحق ہونے والے خلیل کی فیملی کے بیانات قلمبند کر لئے۔ خلیل کے زخمی بیٹے عمیر نے تحریری بیان میں بتایا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے پہلے انکی گاڑی کے ٹائروں پر فائر کیے۔ گاڑی رکنے کے بعد سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ذیشان پر فائرنگ کر دی جس کے بعد ایک اہلکار نے کسی کو فون ملایا۔ عمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ابو سی ٹی ڈی اہلکاروں کی منتیں کرتے رہے مگر اہلکاروں نے ایک نہ سنی۔ ہمیں بچوں کو گاڑی سے نکال کر ایک بار پھر سے اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی جس سے گاڑی میں موجود باقی لوگوں کی ہلاکت ہوئی۔ دوسری جانب خلیل کے بھائی جلیل نے جے آئی ٹی کو اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد ریسکیو اور پولیس کو کال کی اور بھائی کی فیملی کے بارے میں پوچھا۔ جے آئی ٹی نے بیانات قلمبند کرنے کے لئےمقتول ذیشان کے اہلخانہ سےتاحال  رابطہ نہیں کیا۔