Friday, April 26, 2024

سابق آئی جی کے پی نوید خان سمیت دیگر شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظوری

سابق آئی جی کے پی نوید خان سمیت دیگر شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظوری
February 6, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سابق آئی جی کے پی نوید خان سمیت دیگر شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔ چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں اربوں روپے کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کی منظوری دیدی گئی اور وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات نہ کرنے کی صلاحیت کا تاثر مسترد کر دیا گیا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے سابق آئی جی کے پی کے نوید خان، سابق وائس چانسلر ولی خان یونیورسٹی ڈاکٹر احسان اور سابق چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ  وائس ایڈمرل ریٹائرڈ احمد حیات کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ نیب اعلامیہ کے مطابق سابق چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ وائس ایڈمرل ریٹائرڈ احمد حیات پر زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 18 ارب جبکہ سابق وائس چانسلر ولی خان یونیورسٹی ڈاکٹر احسان پر گاڑیوں اور فیول کی خریداری کے لیے مختص فنڈز میں خورد  برد کا الزام  ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے لیے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔ 900 ارب روپے کے کرپشن کیسز احتساب عدالتوں میں دائر کردیئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نیب پر وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات نہ کرنے کی صلاحیت کا تاثرغلط ہے۔