Friday, April 19, 2024

پاکستان سمیت دنیا ھر میں آج کینسر سے آگاہی کا دن منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا ھر میں آج کینسر سے آگاہی کا دن منایا جارہا ہے
February 4, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج کینسر سے آگاہی کادن منایا جارہاہے ، پاکستان میں ڈیڑھ لاکھ افراد سالانہ کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا ہورہےہیں ، کینسر سے متاثرہ افراد کے حوالے سے پاکستان ایشیا میں سرفہرست ہے۔ کینسر کے خلاف آگاہی کا عالمی دن منانے کا آغاز یونین فار انٹرنیشنل کینسر کنٹرول نے 2008 میں کیا تھا۔  عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں میں سے ہر آٹھویں ہلاکت کینسر کی وجہ سے ہے ۔ پاکستان میں نیشنل کینسر رجسٹری موجود نہیں  ،  تاہم قریباً ڈیڑھ لاکھ افراد سالانہ کینسر میں مبتلا جبکہ ایک لاکھ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔ جینز میں رونما ہونے والی تبدیلیاں  ،  وائرل انفیکشنز ، فضائی’ آبی اور غذائی آلودگی ،  فوڈ کیمیکلز یعنی کھانے کے رنگ اور افلا ٹوکسن’ سگریٹ نوشی’ شیشہ اور الکوحل کا استعمال کینسر کی اہم وجوہات ہیں ۔ پاکستان میں چھاتی’ منہ’ ہونٹ اور حلق کا سرطان خطے کے دوسرے ممالک کی نسبت بہت زیادہ ہے ۔ کینسر کی شرح اموات امراض قلب کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ ظاہری وجہ کے بغیر وزن گھٹنا ،  اکثر بخار رہنا ،  قے اور فضلے میں خون آنا  ، جسم کے کسی بھی حصے میں غدود بڑھنا وغیرہ کینسر کی علامات ہیں ۔ کینسر سے بچاؤ کیلئے فطری متوازن اور سادہ زندگی گزارنا  ،ورزش   کرنا،  مرغن غذاؤں سے پرہیز ، ہر طرح کا نشہ خصوصاً پان’ چھالیہ’ تمباکو اور گٹکے سے بچنا ضروری ہے ۔