Saturday, May 11, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کے فوری قیام کا مطالبہ مسترد کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کے فوری قیام کا مطالبہ مسترد کر دیا
January 31, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کے فوری قیام کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ سانحہ ساہیوال پر ہر طرف سے جوڈیشل کمیشن بنانے کی صدائیں اُٹھیں تو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک  ہی بیان میں سب کچھ پلٹ کے رکھ دیا ۔ وزیراعظم سے ون ٹو ون ملاقات کے بعد انہوں نے کہا جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فوری کوئی امکان نہیں اور نہ ہی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ ادھر سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی جلیل نے لاہور ہائی کورٹ میں جے آئی ٹی کو کالعدم قرار دینے کے لئے درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لئے ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ آئی جی پنجاب اعلیٰ پولیس اہلکاروں اور سی ٹی ڈی حکام کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ دوسری طرف سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جے آئی ٹی اپنا کام کر رہی ہے ۔ گرفتار سی ٹی ڈی اہلکاروں کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ۔ اہلکاروں سے سوال پوچھا گیا کہ فائرنگ کس نے کی تو جواب آیا کہ ہم نے نہیں کی ۔ گاڑی میں موجود افراد موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ جے آئی ٹی نے گرفتار اہلکار صفدر، رمضان، سیف اللہ اور حسنین سے تفتیش کی۔