Friday, April 19, 2024

پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو شکست دیدی

پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو شکست دیدی
January 28, 2019
جوہانسبرگ ( 92 نیوز) پاکستان نے چوتھے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے  شاہینوں کو 165 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جو شاہینوں نے دو وکٹوں  کے نقصان پر 31.3 اوورز میں پورا کر لیا۔
پاکستان کی بیٹنگ
پاکستان کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا  ۔ امام الحق اور فخر زمان  نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 70 رنز بنائے  ۔ امام الحق نے تحمل مزاجی  جبکہ فخر زمان نے جارحانہ انداز  اپنایا ۔
فخر زمان
میچ کے چودہویں اوور میں فخر زمان  عمران طاہر کی گیند پر وینڈر کو کیچ تھما بیٹھے ۔ فخر نے 44 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 44 رنز اسکور کئے ۔
امام الحق
امام الحق نے بابر اعظم کیساتھ مل کر محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور پاکستان کا اسکور  برابر کر دیا ۔ جیت سے ایک رنز کی دوری پر  امام الحق 71 رنز بنا کر پھیلکوے کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے ۔ ان کی اننگز ایک چھکے اور 6 چوکوں سے مزین تھی ۔
بابر اعظم
ٹاپ آرڈر  بابر اعظم نے 53 گیندوں پر  دو چوکوں کی مدد سے 41 اسکور بنائے  اور ناقابل شکست رہے ۔ میچ وننگ شاٹ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کھیلی ۔ انہوں نے پہلی ہی گیند کو باؤنڈری سے پار پھینک کر میچ جیت لیا۔
جبوبی افریقہ کی بیٹنگ
اس سے قبل پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث جنوبی افریقہ 164 رنز پر ڈھیر ہو گئی  تھی ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی  تھی ۔ جنوبی افریقہ کو پہلا دھچکا  تین کے اسکور پر لگا  جب اوپنر ڈی کوک بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے ۔  وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کو 18 اسکور پر دوسری وکٹ گنوانا پڑی جب ٹاپ آرڈر ریزا ہینڈرک صرف دو اسکور بناکر ہمت ہار گئے  اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے ۔ ان کا شکار بھی شاہین شاہ آفریدی نے کھیلا  ۔
ایک سو ایک رنز کی پارٹنر شپ
اوپنر ہاشم آملہ اور کپتان فاف ڈوپلیسز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا  اور ٹیم کے اسکور کو 119 تک پہنچایا  جہاں ڈوپلیسز  ہاشم آملہ کا ساتھ چھوڑ گئے ۔ انہوں نے ایک چھکے ، پانچ چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔
ہاشم آملہ
صرف 11 اسکور کے بعد ہاشم آملہ بھی چلتے بنے ، انہوں نے 7چوکوں کی مدد سے 75 گیندیں کھیل کر 59 اسکور بنائے اور جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہے ۔  وہ عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ ان کے بعد جنوبی افریقہ کا کوئی کھلاڑی شاہینوں کی چالیں سمجھ نہ سکا ۔ وینڈر ڈوسن 18،ڈی اے ملر 4،عمران طاہر 5 اسکور بنا کر پویلین لوٹے جب کہ ڈیل اسٹین اور کگیسو ربادا  بغیر کوئی اسکور کئے ہی آؤٹ ہوئے ۔ اس طرح جنوبی افریقہ کی مکمل ٹیم 41اوورز میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی  جن میں سے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم  نے 16 بار گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکا جس میں ایک چھکا اور 15 چوکے شامل ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 4 ،شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے دو ،دو  کھلاڑی آؤٹ کئے ۔ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک  کھلاڑی کا شکار کھیلا۔