Friday, April 19, 2024

تیسرا ون ڈے ، جنوبی افریقہ نے 13 رنز سے پاکستان کو شکست دے دی

تیسرا ون ڈے ، جنوبی افریقہ نے 13 رنز سے پاکستان کو شکست دے دی
January 26, 2019
 سینچورین (92 نیوز) جنوبی افریقہ نے تیسرے ون ڈے میں گرین شرٹس کو ڈک ورتھ لوئس  کے تحت 13 رنز سے شکست دے دی۔ سینچورین گراؤنڈ میں بارش قومی ٹیم کی جیت میں رکاوٹ بن گئی۔ تیسرے ون ڈے میں دونوں ٹیموں کیساتھ بارش نے بھی کھل کر کھیلا۔ ڈک ورتھ لوئس کے تحت پروٹیز نے تیسرے ون ڈے میں شاہینوں کو 13 رنز سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 318 رنز کے ہدف میں میدان میں اتری تو اوپنرز نے 53 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ ہاشم آملہ 25 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ 79رنز پر کوئنٹین ڈی کوک کے آؤٹ ہونے پر میزبان ٹیم مشکلات میں نظر آئی۔ ڈی کوک 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ 16.5 اوورز کا کھیل ہوا کہ بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا اور میچ روک دیا گیا۔ ایک گھنٹہ تاخیر سے میچ دوبارہ شروع ہو تو جنوبی افریقن بلے باز ریزا  ہینڈرکس اور کپتان فاف ڈوپلیسی نے جارحانہ انداز  اپناتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 108رنز کی شراکت داری قائم  کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنا دی۔ 33اورز کے بعد ایک بار پھر بارش کی مداحلت پر میچ روک دیا گیا اور میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ ڈک ورتھ لوئس کے تحت جنوبی افریقہ کو 13 رنز سےفاتح قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہینڈرکس 83 اور فاف ڈوپلیسی 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں پر 317 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے امام الحق 101 اور بابر اعظم 69 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں دو،ایک کی برتری حاصل ہو گی۔