Thursday, April 25, 2024

سانحہ ساہیوال ، ذیشان کے اہل خانہ کی صدر پاکستان سے ممکنہ ملاقات

سانحہ ساہیوال ، ذیشان کے اہل خانہ کی صدر پاکستان سے ممکنہ ملاقات
January 25, 2019
 لاہور (92 نیوز) سانحہ ساہیوال میں مرنے والے ذیشان اور خلیل کے اہل خانہ کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ممکنہ ملاقات ہو گی۔ اہل خانہ ملاقات کے لیے اسلام آ باد چلے گئے۔ پولیس کے مطابق ذیشان کا بھائی احتشام اور اس کی والدہ جبکہ خلیل کا بھائی جمیل روانہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اہلخانہ کو ایوان صدر بلایا گیا ہے۔ ذیشان کی والدہ نے بھی دونوں خاندانوں کے افراد کی اسلام آباد روانگی کی تصدیق کی ہے۔ ادھر سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے ذیشان کا ٹیلی فون ڈیٹا 92 نیوز نے حاصل کر لیا۔ ہلاک ہونے والے ذیشان کے ٹیلی فون ڈیٹا کے مطابق ٹیلی فون میں تھریما کے ذریعے پیغامات بھجوائے گئے تھے۔ پیغامات میں یہ پیغام بھی شامل ہے کہ شاہد بھائی سچ میں فدائی بننا چاہتا ہے۔ ایک جگہ یہ بھی پیغام موجود ہے کہ بٹ صاحب سے رات کو بات کی ہے۔ ٹیلی فون ڈیٹا سے یہ ثبوت بھی ملے کہ ذیشان کس طرح دہشت گردوں سے رابطے میں تھا۔ حساس ادارے کے انسپکٹر کو قتل کرنے والے دہشت گرد کی تصویر اور ویڈیو بھی ذیشان کے موبائل سے ملی ہے۔ نائنٹی ٹونیوز نے جو تصاویرحاصل کیں ان سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ذیشان نے گاڑی کس وقت گھر کے باہر رکھی ہوتی تھی اور کس طرح وہ دہشت گردوں کی گاڑی کے ساتھ موو ہوئی۔