Wednesday, April 24, 2024

سانحہ ساہیوال ، پنجاب اسمبلی میں اِن کیمرہ بریفنگ پر اپوزیشن غیر مطمئن

سانحہ ساہیوال ، پنجاب اسمبلی میں اِن کیمرہ بریفنگ پر اپوزیشن غیر مطمئن
January 24, 2019
 لاہور (92 نیوز) سانحہ ساہیوال پر پنجاب اسمبلی کے ان کیمرہ سیشن میں اپوزیشن غیر مطمئن نظر آئی۔ سانحہ ساہیوال پر صوبائی حکومت نے ارکان پنجاب اسمبلی کو ان کیمرہ بریفنگ دی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم فضیل اصغر نے ارکان کو بریف کیا۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے ذیشان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت ایوان میں پیش کر دئیے۔ ذیشان کے شدت پسند عناصر سے تعلق کا ریکارڈ بھی ایوان میں پیش کر دیا گیا۔ سانحہ کے حوالے سے حکومتی اقدامات بارے بھی ایوان کو بتایا گیا۔ اپوزیشن ارکان نے ایوان کو بریفنگ سے قبل میڈیا کو بریفنگ پر سخت تشویش کا اظہار کیا، احتجاج بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی بریفنگ میں عدم شرکت پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ میڈیا سے بات چیت میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سے بات نہیں بنے گی ، جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے۔ پیپلزپارٹی نے بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن نے جمعہ کو سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مندرجات پر ایوان میں بحث کا بھی اعلان کیا۔ دوسری جانب جے آئی ٹی کی ٹیم نے ساہیوال میں وقوعہ کی جگہ کا دوبارہ معائنہ بھی کیا اور مزید عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے۔ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا ایوان اس وقت مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا تھا جب سانحہ ساہیوال پر اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا۔ اپوزیشن کی جانب سے پنجاب حکومت سے جے آئی ٹی رپورٹ پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا تھا کہ ایوان اپوزیشن کے کہنے پر نہیں قواعد پر چلے گا۔